کراکس،یکم اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی حکومت نے ملکی سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کے اختیارات سنبھالنے سے متعلق دیے گئے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ بدھ کے روز وینزویلا کی سپریم کورٹ نے اپوزیشن کی اکثریت کی حامل ملکی پارلیمنٹ کے اختیارات سنبھالنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس فیصلے کی کئی لاطینی امریکی ملکوں نے مذمت کی ہے۔ اب صدر نکولس مادورو کی حکومت نے اس فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی ہے۔ مادورو نے جمعہ اور ہفتے کی نصف شب میں ٹیلی وڑن پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کے درمیان پیدا تنازعے کو حل کر لیا گیا ہے۔ سن 2015 کے پارلیمانی الیکشن میں صدر نکولس مادورو کی مخالف جماعتوں کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے۔